لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے کے مختلف اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں کے باعث مخدوش اور بوسیدہ مکانات گرنے کے متعدد واقعات پیش آئے، جن کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 44 افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں ایک مرد اور ایک بچہ شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث مجموعی طور پر 8 کچے اور خستہ حال مکانات متاثر ہوئے ہیں، جس سے شہریوں کو مالی اور جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق متاثرہ شہریوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا اور جاں بحق افراد کے لواحقین کو حکومتی پالیسی کے تحت امداد بھی یقینی بنائی جائے گی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خستہ حال اور کچے مکانات میں رہائش سے گریز کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کرتے ہوئے محفوظ مقامات پر رہیں۔














