لاہور ( پنجاب پوسٹ ) پنجاب میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو مزید شفاف، منصفانہ اور جدید بنانے کے لیے حکومت نے ٹریفک چالاننگ کے نظام میں بڑی تبدیلی متعارف کرا دی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں شواہد پر مبنی نیا ڈیجیٹل چالاننگ سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے، جس کے تحت اب ہر ٹریفک چالان کے ساتھ خلاف ورزی کی ویڈیو یا تصویر بطور ثبوت محفوظ کی جائے گی۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں کو چالان جاری ہونے پر 8070 سے الرٹ ایس ایم ایس موصول ہوگا، جس میں ایک لنک بھی موجود ہوگا۔ شہری اس لنک کو کھول کر اپنی ٹریفک خلاف ورزی کی ویڈیو یا تصویر خود دیکھ سکیں گے، جس سے چالان کے حوالے سے کسی بھی قسم کے ابہام یا تنازع کی گنجائش کم ہو جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : کیا لاپرواہ ڈرائیونگ پر اب لائسنس بھی معطل ہو جائے گا؟ سی ٹی او لاہور کا بڑا فیصلہ
حکام کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں ٹریفک پولیس ون ایپ کے ذریعے شواہد کے ساتھ چالان جاری کیے جائیں گے، جس سے نہ صرف نظام زیادہ شفاف ہوگا بلکہ شہریوں اور ٹریفک پولیس دونوں کا وقت بھی بچے گا۔ اس کے علاوہ چالان ادا نہ کرنے والوں کے خلاف بھی ثبوت کی بنیاد پر مؤثر قانونی کارروائی ممکن ہو سکے گی۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کے مطابق شواہد پر مبنی چالاننگ سسٹم پنجاب میں جدید ٹریفک مینجمنٹ کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس میں جدید ٹیکنالوجی، شفافیت اور عوام دوست خدمات کے فروغ کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو فوری، منصفانہ اور قابلِ اعتماد سروسز فراہم کی جا سکیں۔









