لاہور: (پنجاب پوسٹ)پنجاب حکومت نے صوبے بھر کی تمام سرکاری عمارتوں کی ساختی مضبوطی کا جامع سروے کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سرکاری عمارتوں کی حفاظت اور بروقت دیکھ بھال سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ پنجاب بھر میں موجود تمام سرکاری عمارتوں، جن میں بنیادی مراکز صحت (بی ایچ یوز)، دیہی مراکز صحت (آر ایچ سیز)، ہسپتال، سرکاری دفاتر اور دیگر پبلک بلڈنگز شامل ہیں، کا تفصیلی اسٹرکچرل معائنہ کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:عدالتی سفر اختتام کو پہنچا ، جسٹس مسعود عابد نقوی کو با وقار الوداع
اس مقصد کے لیے بلڈنگ سیکٹر کی خصوصی معائنہ ٹیمیں فوری طور پر تشکیل دینے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جبکہ تمام فیلڈ فارمیشنز کو عمارتوں کی ساختی مضبوطی کا جامع سروے مکمل کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ اگر کسی عمارت میں کسی بھی قسم کی ساختی خرابی یا حفاظتی خطرہ سامنے آئے تو اس کی فوری رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال کی جائے، تاکہ مرمت، بحالی اور ضروری حفاظتی اقدامات میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔اجلاس میں تمام سرکاری عمارتوں کی جامع رپورٹ 15 روز کے اندر پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔اس موقع پر ملک صہیب احمد بھرتھ کا کہنا تھا کہ پبلک املاک کا تحفظ اور ان کی بروقت دیکھ بھال حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، جبکہ سرکاری عمارتوں کی حفاظتی جانچ سے مؤثر سروس ڈیلیوری اور پائیدار انفراسٹرکچر کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
اجلاس میں سیکرٹری تعمیرات و مواصلات راجہ جہانگیر انور، سپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری اور چیف انجینئر سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔








