ملتان (پنجاب پوسٹ) وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے ملتان کا خصوصی دورہ کیا اور کپاس، گندم اور سموگ کنٹرول کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ کپاس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پیداواری ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی کاشت کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے، گندم کی منافع بخش اور بہتر پیداوار کے لیے تمام ممکنہ وسائل و ذرائع بروئے کار لائے جائیں گے۔
وزیر زراعت پنجاب کا کہنا تھا کہ کسانوں کو فصلوں کی باقیات تلف کرنے کے لیے متبادل سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ 10 ہزار سپر سیڈرز سبسڈی پر فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ 450 جدید ہارویسٹرز اور 150 بیلرز بھی فراہم کر دیے گئے ہیں۔
اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں نے کہا کہ سموگ کنٹرول مہم کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے، صوبائی اور ضلعی سطح پر فوکل پرسنز مقرر کر دیے گئے ہیں۔
اجلاس کے شرکا کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کپاس کی قیمتیں حوصلہ افزا ہیں۔












