ایکسائز پنجاب کی ریکارڈ کارکردگی، آخر ہوا کیا؟

لاہور: (پنجاب پوسٹ)محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے مالی سال 2025-26 کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریکارڈ 75 ارب 34 کروڑ روپے کی محصولات وصول کر لیں۔ محکمہ 35 فیصد مجموعی گروتھ کے ساتھ اپنے مقررہ ہدف کا 98 فیصد حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کے دوران 19 ارب 61 کروڑ روپے زائد محصولات جمع کیے گئے، جو ٹیکس نظام میں اصلاحات، شفافیت اور مؤثر حکمت عملی کا نتیجہ ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق موٹر وہیکل ٹیکس کی وصولی میں 46 فیصد، پراپرٹی ٹیکس میں 26 فیصد، ٹیکس آن ابٹنگ ہائی ویز میں 41 فیصد، پروفیشنل ٹیکس میں 17 فیصد جبکہ ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی میں 12 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ڈیجیٹل گورننس وژن، ٹیکس نظام میں اصلاحات اور شفافیت کے فروغ سے نہ صرف محصولات میں اضافہ ہوا بلکہ ٹیکس دہندگان کا اعتماد بھی بحال ہوا۔ترجمان کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے 124 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جسے بدعنوانیوں کے مکمل خاتمے، ٹیکس نیٹ میں توسیع، ٹیکس چوری کی روک تھام اور جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے حاصل کیا جائے گا۔محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ٹیکس دہندگان کو مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی، ڈیجیٹلائزیشن کو فروغ دیا جائے گا اور شفاف نظام کے ذریعے محصولات میں مزید اضافہ یقینی بنایا جائے گا۔


ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب عمر شیر چٹھہ نے مالی سال 2025-26 کی کامیابیوں پر محکمہ کے تمام افسران اور اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث یہ نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے