وزیرآباد میں پولیس کے 3 الگ الگ مقابلے، 43 مقدمات میں مطلوب ڈاکو تنویر عرف نوید ہلاک، 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار

وزیرآباد(پنجاب پوسٹ)تھانہ صدر، تھانہ علی پور چٹھہ اور تھانہ احمد نگر کی حدود میں پولیس نے 3 الگ الگ مقابلوں کے دوران ایک خطرناک ڈاکو کو ہلاک اور 2 ریکارڈ یافتہ ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ ہلاک ہونے والا ملزم تنویر عرف نوید 43 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا، جبکہ گرفتار ملزمان میں علی بہادر اور کاشف شامل ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ موٹرسائیکلیں اور ناجائز اسلحہ بھی برآمد کیا ۔

پولیس کے مطابق تھانہ صدر کی حدود میں 43 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو تنویر عرف نوید اپنے 2 ساتھیوں کے ہمراہ پولیس ناکے پر پہنچا تو پولیس کو دیکھ کر فائرنگ شروع کر دی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ملزم مارا گیا۔

ہلاک ملزم گوجرانوالہ، گجرات اور لاہور میں ڈکیتی، راہزنی اور چوری سمیت سنگین جرائم میں ملوث تھا۔ دوسرے واقعے میں تھانہ احمد نگر پولیس کا ناکہ توڑ کر فرار ہونے کی کوشش کرنے والا ملزم علی بہادر زخمی ہو گیا، جسے گرفتار کر لیا گیا۔

ملزم منشیات اور موٹرسائیکل چوری کے 10 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے اور اس کے قبضے سے چوری کی ہوئی موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔ تیسرے واقعے میں تھانہ علی پور چٹھہ پولیس سے مقابلے کے دوران ملزم کاشف زخمی ہو گیا اور اسے بھی گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کاشف ڈکیتی، راہزنی اور چوری کے کئی مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے، اور اس کے قبضے سے موٹرسائیکل اور ناجائز اسلحہ برآمد ہوا۔

پولیس نے تمام واقعات کے مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ فرار ہونے والے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے