لاہور:( پنجاب پوسٹ ) گڑھی شاہو پل پر مبینہ ڈکیتی کا واقعہ جھوٹا نکلا۔ محکمہ صحت کے ملازم نے پولیس ہیلپ لائن 15 پر ڈکیتی کی جھوٹی کال کی، جس پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق کالر نے 15 پر اطلاع دی کہ تین موٹر سائیکل سواروں نے اسے لوٹ لیا ہے۔ پولیس موقع پر پہنچی تو صورتحال مشکوک پائی گئی۔ تفتیش کے دوران سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا گیا تو سارا سچ سامنے آ گیا اور ڈکیتی کی کہانی جھوٹی ثابت ہوئی۔
دورانِ تفتیش ملزم آفاق نے جھوٹی کال کرنے کا اعتراف کر لیا۔ پولیس نے ملزم کے گھر سے لیپ ٹاپ اور دونوں موبائل فون برآمد کر لیے۔ ایس پی سول لائنز کے مطابق ملزم سرکاری لیپ ٹاپ اور قیمتی موبائل فونز خوردبرد کرنا چاہتا تھا۔
پولیس نے ملزم آفاق کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے۔
ایس پی سول لائنز منزہ کرامت نے کہا کہ جھوٹی کالز کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔










