لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور پولیس نے شہر میں انسدادِ گداگری مہم کو مزید تیز کر دیا ہے، جس کے تحت رواں ماہ اکتوبر میں اب تک 631 پیشہ ور گداگروں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔ پولیس کی جانب سے یہ کارروائیاں سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی ہدایت پر عمل میں لائی جا رہی ہیں۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال انسدادِ گداگری مہم کے دوران اب تک مجموعی طور پر 2297 پیشہ ور گداگروں کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور تمام ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ گرفتار ہونے والوں میں 2252 مرد اور 45 خواتین شامل ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں، چوکوں، بازاروں، ٹریفک سگنلز اور عوامی مقامات پر پیشہ ور گداگروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں تاکہ شہریوں کو ان کی وجہ سے پیش آنے والی مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے گداگری کی آڑ میں خواتین اور بچوں کا استحصال کرنے والے مافیا کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین اور بچوں کو بھیک مانگنے پر مجبور کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی اور کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔
سی سی پی او لاہور نے افسران کو ہدایت کی کہ گداگری کے منظم نیٹ ورکس اور ان کے سرپرستوں کو بے نقاب کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، تاکہ اس مکروہ دھندے کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔










