لاہور پنجاب پوسٹ ) بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کی روک تھام اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔ نئے فیصلے کے تحت مہلک اور غیر مہلک حادثات کے ذمہ دار ڈرائیورز کے لائسنس معطل کیے جائیں گے، جبکہ خطرناک اور لاپرواہ ڈرائیونگ پر بھی ڈرائیونگ لائسنس معطلی کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ پر ڈرائیور کا لائسنس کم از کم چھ ماہ سے تین سال تک معطل کیا جا سکے گا۔ اگر کوئی شخص معطل شدہ لائسنس کے باوجود گاڑی چلاتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مہلک حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے لائسنس کی بحالی صرف عدالت کے حکم سے ممکن ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : جعلی نمبر پلیٹس والوں کے خلاف پنجاب سیف سٹیز کا بڑا کریک ڈاون
سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے، اس لیے ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حادثات کی روک تھام اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے سخت قانونی اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اپنائیں، رفتار پر قابو رکھیں اور ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں، کیونکہ ایک لمحے کی غفلت قیمتی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتی ہے۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق ٹریفک قوانین پر عمل درآمد ہی حادثات میں کمی اور محفوظ لاہور کی ضمانت ہے۔









