وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نوجوانوں کی سہولت اور تعلیمی سفر کو آسان بنانے کے لیے ایک اور انقلابی منصوبے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت پنجاب بھر کے طلبہ کو ایک لاکھ ای بائیکس انتہائی آسان اقساط پر فراہم کی جائیں گی۔
پنجاب حکومت ہر ای بائیک پر 70 ہزار روپے کی سبسڈی دے گی، جس کے بعد طلبہ صرف 14 ہزار روپے ڈاؤن پیمنٹ ادا کرکے ای بائیک حاصل کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ ماہانہ قسط صرف 2,100 روپے مقرر کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:جیلیں بدلیں گی یا زندگیاں؟ پنجاب میں اصلاحات کا بڑا روڈ میپ سامنے آگیا
طالبات کے لیے خصوصی رعایتی پیکج بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت ڈاؤن پیمنٹ اور رجسٹریشن فیس خود وزیراعلیٰ پنجاب ادا کریں گی۔ طالبات کو صرف 2,100 روپے ماہانہ کی سود سے پاک آسان قسط ادا کرنا ہوگی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد نوجوانوں، خصوصاً طلبہ اور طالبات، کو سستی، ماحول دوست اور محفوظ سفری سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں تعلیمی اداروں تک آمدورفت میں آسانی میسر آئے اور ان کے مالی بوجھ میں بھی کمی ہو۔








