لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے باغبانپورہ میں نجی سکول میں قائم سمر کیمپ کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے حادثے میں ایک بچے کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کمشنر لاہور اور ڈی جی ریسکیو 1122 سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔
وزیراعلیٰ نے ملبے تلے دبے 10 سے زائد بچوں کو بحفاظت نکالنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیموں کو شاباش دی اور ریسکیو آپریشن مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے زخمی بچوں اور دیگر متاثرین کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے غفلت یا غیر معیاری تعمیرات کے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا۔
مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ صوبے بھر میں گنجان آباد علاقوں میں قائم ایسے تمام سکولوں کی عمارات کا فوری سیفٹی آڈٹ کیا جائے، جبکہ واضح کیا کہ ریسکیو آپریشن میں ایک سیکنڈ کی بھی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: باغبانپورہ میں زیرِ تعمیر عمارت کی چھت گر گئی، متعدد افراد زخمی
دوسری جانب وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی سے فوری رپورٹ طلب کر لی اور حادثے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پابندی کے باوجود سمر کیمپ کی کلاسز کیوں جاری تھیں اور متعلقہ حکام سے اس حوالے سے وضاحت طلب کر لی۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کا کڑا احتساب کیا جائے گا اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔












