لاہور ( پنجاب پوسٹ )پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے برطانیہ کے شہر مانچسٹر کے لیے لاہور سے براہِ راست پروازوں کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ افتتاحی پرواز پی کے 709 لاہور ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی، جس کے ساتھ ہی دونوں شہروں کے درمیان فضائی رابطہ ایک بار پھر بحال ہو گیا۔
لاہور ایئرپورٹ پر اس موقع پر ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں افتتاحی پرواز کی روانگی کے موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔ مسافروں کو پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر خرم مشتاق نے الوداع کیا۔
یہ بھی پڑھیں : کیا الیکٹریک بس سروس اب پورے پنجاب میں چلے گی؟
افتتاحی پرواز میں مجموعی طور پر 325 مسافر مانچسٹر کے لیے روانہ ہوئے۔ مسافروں اور ایئرپورٹ پر موجود افراد نے لاہور اور مانچسٹر کے درمیان براہِ راست پروازوں کی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک اہم اور سہولت بخش پیش رفت قرار دیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق اس اقدام سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان نہ صرف فضائی رابطے مزید مضبوط ہوں گے بلکہ کاروباری، خاندانی اور سفری روابط کو بھی نئی وسعت ملے گی۔
انہوں نے بتایا کہ مانچسٹر سے لاہور کی پہلی پرواز بھی گزشتہ رات روانہ ہو چکی ہے، جس کے بعد یہ روٹ باقاعدہ طور پر فعال ہو گیا ہے۔ اس توسیع کے بعد پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے، جن میں سے چار پروازیں اسلام آباد سے اور ایک لاہور سے آپریٹ کی جا رہی ہے۔ترجمان کے مطابق یہ اضافہ پی آئی اے کے بین الاقوامی نیٹ ورک کی مضبوطی کی جانب اہم قدم ہے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے سفر مزید آسان اور سہل بنائے گا۔














