لاہور:(پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کے مزید 6 اضلاع میں الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو سستی، معیاری اور ماحول دوست سفری سہولت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
الیکٹرک بس سروس کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ الحمدللہ آج اٹک، خوشاب، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، خانیوال سمیت مزید 6 اضلاع میں جدید الیکٹرک بسیں چل پڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام صرف 20 روپے کے کرائے میں جہاں چاہیں سفر کر سکتے ہیں، جبکہ یہ پنجاب کے عوام کے لیے پہلی بار جدید، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولت ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ اسٹیٹ آف دی آرٹ گرین بسیں عوام کو باعزت اور محفوظ سفر فراہم کر رہی ہیں اور ان کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسی سال تقریباً 1500 مزید الیکٹرک بسیں فلیٹ میں شامل کی جائیں گی، جس کے بعد مجموعی تعداد 3 ہزار تک پہنچ جائے گی، جبکہ آئندہ مرحلے میں صوبے بھر میں الیکٹرک بسوں کی تعداد بڑھا کر 5 ہزار کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
مزیدپڑھیں؛وزیراعلیٰ پنجاب لوکل روڈ پروگرام: 75 روز میں 1134 شاہراہیں مکمل،بڑی کامیابی
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کا عزم ہے کہ مرحلہ وار الیکٹرک بس سروس کو پنجاب کی تمام 147 تحصیلوں تک توسیع دی جائے گی تاکہ ہر شہری کو جدید ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں مزید بسوں کی ضرورت ہوگی وہاں فوری طور پر نئی بسیں فراہم کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مری کے شمالی علاقوں سے لے کر جنوبی اور وسطی پنجاب تک الیکٹرک بس سروس کا دائرہ پھیل چکا ہے اور خواتین سمیت مختلف طبقات اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں، جو ان کے لیے باعثِ اطمینان ہے۔
انہوں نے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ اور منصوبے پر کام کرنے والی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت کا یہ سفر اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھا جائے گا اور پنجاب کو جدید، ماحول دوست اور باوقار سفری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔














