پنجاب میں ای پروکیورمنٹ سسٹم نافذ، خریداری نظام مکمل ڈیجیٹل

لاہور ( پنجاب پوسٹ ) پنجاب حکومت نے شفافیت اور ای گورننس کے فروغ کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے صوبے میں جدید ای پروکیورمنٹ سسٹم باقاعدہ طور پر نافذ کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کیا گیا، جبکہ سرکاری خریداری کے پورے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور شفاف بنانے کے لیے تمام محکموں کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

یہ ہدایات چیف سیکرٹری پنجاب نے سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز اجلاس کے دوران جاری کیں۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ای پروکیورمنٹ سسٹم کے تحت مالی سال 2025-26 میں حکومت کو 70 ارب روپے کی نمایاں بچت ہوئی ہے، جو نظام کی شفافیت اور مؤثریت کا واضح ثبوت ہے.

اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک اس جدید نظام پر 7 ہزار سے زائد پروکیورنگ ایجنسیاں اور 25 ہزار سے زائد سپلائرز رجسٹر ہو چکے ہیں۔ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اس سسٹم کو نادرا، ایف بی آر، ایس ای سی پی، پی آر اے اور پی ای سی جیسے اداروں سے منسلک کر دیا گیا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ بولی دہندگان کے لیے آن لائن بینک ٹرانسفر کے ذریعے بڈ سیکیورٹی جمع کرانے کا آسان نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے تاکہ خریداری کے عمل کو مزید سہل بنایا جا سکے۔

اجلاس میں ای بز پورٹل کی کارکردگی پر بھی بریفنگ دی گئی، جس کے مطابق اب تک 420 سے زائد سرکاری خدمات آن لائن فراہم کی جا چکی ہیں۔ پورٹل پر موصول ہونے والی 1 لاکھ 6 ہزار درخواستوں میں سے 90 ہزار سے زائد کو فوری طور پر نمٹا دیا گیا۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ باقی ماندہ مینوئل سروسز کی نشاندہی کر کے انہیں جلد از جلد ای بز پورٹل پر منتقل کیا جائے تاکہ مکمل ڈیجیٹل نظام قائم ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد شہریوں کو گھر بیٹھے سہولیات فراہم کرنا ہے، جس کے لیے "دستک ایپ” بھی فعال کردار ادا کر رہی ہے۔

اجلاس میں صوبے میں گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ اور مون سون بارشوں کے دوران سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اعلیٰ انتظامی افسران اور تمام ڈویژنل کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے