لاہور پنجاب پوسٹ ) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے ای چالان سے بچنے کے لیے جعلی، کلون یا ٹیمپرڈ نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید سخت کر دیا ہے۔ جدید اے آئی بیسڈ نگرانی کے ذریعے اب ایسی گاڑیوں کی فوری نشاندہی کی جا رہی ہے، جس کے بعد قریبی پولیس ٹیموں کو خودکار الرٹ بھیج کر کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔
ترجمان سیف سٹیز کے مطابق جون کے دوران اے آئی کیمروں نے 200 سے زائد جعلی، کلون اور مشکوک نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کی نشاندہی کی، جن کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔ پنجاب بھر میں بلیک لسٹ، جرائم میں مطلوب اور مشکوک گاڑیوں کی ٹریسنگ بھی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مسلسل جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایک ای چالان نے شہری کی چوری شدہ گاڑی کا سراغ کیسے نکالا؟
ترجمان نے خبردار کیا کہ نمبر پلیٹ میں ردوبدل یا جعلی، کلون اور ٹیمپرڈ نمبر پلیٹ کا استعمال صرف ای چالان سے بچنے کی کوشش نہیں بلکہ ایک سنگین قانونی جرم ہے، جس پر جرمانے کے ساتھ ایف آئی آر بھی درج ہو سکتی ہے۔
سیف سٹیز حکام کے مطابق اے آئی ٹیکنالوجی کی بدولت جعلی اور تبدیل شدہ نمبر پلیٹس کی شناخت پہلے سے کہیں زیادہ مؤثر ہو چکی ہے، جبکہ ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے۔
ترجمان نے شہریوں کو بھی مشورہ دیا کہ کسی بھی گاڑی کی خریداری سے قبل اس کی نمبر پلیٹ، رجسٹریشن اور دیگر کوائف کی مکمل تصدیق ضرور کریں تاکہ بعد میں کسی قانونی پیچیدگی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔









