رحیم یار خان (پنجاب پوسٹ) رحیم یار خان پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 25 لاکھ روپے سر کی قیمت والے خطرناک ڈاکو بشیر عرف بشو سیلرا کو اس کے ساتھی سمیت گرفتار کر لیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق یہ کارروائی ڈی پی او عرفان علی سموں کی قیادت میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران عمل میں آئی۔ گرفتار ملزمان کو تھانہ ماچھکہ پولیس نے حراست میں لیا۔
پولیس کے مطابق بشیر سیلرا اغوا برائے تاوان، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھا، جبکہ حکومت پنجاب نے اس کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: رحیم یار خان: میں ریسکیو 1122 نے 40 فٹ کی بلندی پر پھنسے نوجوان کو کیسےبچایا؟
ڈی پی او عرفان علی سموں کا کہنا ہے کہ گرفتار ڈاکوؤں کے خلاف قانون اور حکومتی پالیسی کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور انہیں اپنے مقدمات کا سامنا عدالتوں میں کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ رحیم یار خان پولیس امن و امان کے قیام کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گی۔











