رحیم یار خان:(پنجاب پوسٹ) میں ریسکیو 1122 نے بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کرتے ہوئے 40 فٹ کی بلندی پر پھنسے ایک نوجوان مزدور کی جان بچا لی۔ نوجوان ایک بلند مقام پر تعمیراتی کام میں مصروف تھا کہ اچانک اس کی دائیں ٹانگ نے کام کرنا چھوڑ دیا، جس کے باعث وہ اپنی جگہ پر پھنس گیا اور نیچے اترنے سے مکمل طور پر قاصر ہو گیا۔ بلندی پر پھنس جانے کی وجہ سے اس کی جان کو شدید خطرات لاحق ہو گئے اور موقع پر موجود دیگر مزدوروں میں بھی خوف و ہراس پھیل گیا۔
یہ بھی پڑھیں:کاہنہ سانحہ: غفلت کی قیمت 14 معصوم جانیں، مقدمہ درج، 5 افراد زیرحراست
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے کنٹرول روم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایمبولینسز، ریسکیو وہیکل اور تربیت یافتہ ہائٹ ریسکیو ٹیم کو جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا۔ ریسکیورز نے موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور جدید ہائٹ ریسکیو آلات، حفاظتی رسیوں اور بیلے (Belay) ٹیکنیک کا استعمال کرتے ہوئے انتہائی احتیاط کے ساتھ نوجوان تک رسائی حاصل کی۔
ریسکیو اہلکاروں نے متاثرہ مزدور کو حفاظتی بیلٹس سے محفوظ کیا اور مرحلہ وار طریقے سے اسے 40 فٹ کی بلندی سے بحفاظت نیچے منتقل کیا۔ کامیاب ریسکیو آپریشن کے بعد نوجوان کا ابتدائی طبی معائنہ کیا گیا، جس میں اس کی حالت کو مزید طبی نگہداشت کا متقاضی قرار دیا گیا، جس پر ریسکیو ایمبولینس کے ذریعے اسے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
موقع پر موجود شہریوں نے ریسکیو 1122 کی بروقت رسپانس، پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر ریسکیو ٹیم فوری نہ پہنچتی تو کوئی بڑا حادثہ پیش آ سکتا تھا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 کے تربیت یافتہ اہلکاروں نے جدید تکنیک اور بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک قیمتی انسانی جان کو محفوظ بنایا، جو عوامی خدمت اور پیشہ ورانہ قابلیت کا عملی ثبوت ہے۔











