ملتان:( پنجاب پوسٹ)ائیرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ کی ایک منظم کوشش ناکام بنا دی۔ عمرہ کی غرض سے سعودی عرب جانے والی دو خواتین مسافروں کو مشکوک قرار دیتے ہوئے آف لوڈ کر کے مزید تحقیقات کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) ملتان کے حوالے کر دیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے ملتان زون کے مطابق آف لوڈ کی جانے والی خواتین میں عقیلہ بتول اور نمرہ احسن شامل ہیں، جن کا تعلق ملتان سے ہے۔ دونوں خواتین پرواز نمبر PA-870 کے ذریعے سعودی عرب روانہ ہونے والی تھیں، تاہم امیگریشن کلیئرنس کے دوران ان کے سفری کوائف مشکوک پائے جانے پر انہیں ویریفیکیشن کاؤنٹر منتقل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں زرعی شعبے کا بڑا انقلاب، 10 لاکھ کسان کارڈز کا ہدف تکمیل کے قریب
ترجمان کے مطابق جانچ پڑتال کے دوران دونوں خواتین اپنے قیام، مالی وسائل اور سفر کے اخراجات کے ذرائع سے متعلق تسلی بخش جواب نہ دے سکیں۔ عقیلہ بتول نے اپنے شوہر کے پاسپورٹ اور اقامہ جبکہ نمرہ احسن نے اپنے بھائی کے اقامہ کی ڈیجیٹل کاپیاں پیش کیں، مگر تحقیقات میں معلوم ہوا کہ یہ دستاویزات قابلِ ترمیم (ایڈیٹ شدہ) تھیں اور سرکاری ریکارڈ سے مطابقت نہیں رکھتی تھیں۔
مزید تفتیش کے دوران دونوں خواتین کے موبائل فونز سے مشتبہ ٹریول ایجنٹس سے رابطوں کے شواہد بھی ملے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خواتین سفری دستاویزات کے انتظام اور بیرون ملک سفر کی سہولت کے لیے ان ایجنٹس سے رابطے میں تھیں، جس کے باعث انسانی اسمگلنگ کے شبے کو تقویت ملی۔
ایف آئی اے امیگریشن حکام نے دونوں خواتین کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) ملتان کے حوالے کر دیا ہے، جہاں واقعے کے مختلف پہلوؤں اور مبینہ ٹریول ایجنٹس کے کردار کی تحقیقات جاری ہیں۔








