لاہور:(پنجاب پوسٹ) میں ستھرا پنجاب ورکرز نے اپنے مطالبات کے حق میں شہر کے مختلف مقامات پر احتجاج کرتے ہوئے اہم شاہراہوں کو بند کر دیا، جس کے باعث ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔احتجاج کے دوران فیروزپور روڈ پر ارفع کریم ٹاور کے سامنے کلمہ چوک جانے والی سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا، جبکہ اس سے قبل مظاہرین نے جی ٹی روڈ پر قائداعظم انٹرچینج کے قریب بھی دھرنا دے کر آمدورفت معطل کر دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:رحیم یار خان: میں ریسکیو 1122 نے 40 فٹ کی بلندی پر پھنسے نوجوان کو کیسےبچایا؟
صورتحال کے پیش نظر چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شرازی کی ہدایت پر ڈی ایس پی ٹریفک اور دیگر افسران فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور مظاہرین سے مذاکرات کا آغاز کیا۔ لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے احتجاج ختم کرا کے سڑکیں جلد از جلد کھلوانے اور ٹریفک کی روانی بحال کرنے کی کوششیں جاری رہیں۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں مظاہرین کو سڑک سے ہٹا کر فوری طور پر ٹریفک بحال کر دی جائے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر متاثرہ شاہراہوں کا رخ نہ کریں اور متبادل راستے اختیار کریں تاکہ ٹریفک دباؤ میں کمی لائی جا سکے۔
لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق شہر بھر کی ٹریفک کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور مختلف مقامات پر اہلکار تعینات ہیں تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا جا سکے۔














