لاہور (پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی وزیر آبپاشی کاظم پیرزادہ نے مختلف اضلاع کا ہنگامی دورہ کیا اور شیخوپورہ اور گوجرانوالہ میں برساتی نالوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری آبپاشی ڈاکٹر واصف خورشید، چیف انجینئر راشد منہاس سمیت اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
صوبائی وزیر آبپاشی نے بتایا کہ حالیہ ریکارڈ بارشوں کے باعث نالوں میں معمول سے دو گنا زیادہ پانی گزر رہا ہے، جبکہ گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ اور شیخوپورہ کے 100 سے زائد نالوں کا پانی بھیڈ، ڈیک اور نکی ڈیک میں داخل ہو رہا ہے۔
کاظم پیرزادہ کے مطابق سیلابی پانی شرقپور کے قریب دریائے راوی میں شامل ہوگا۔ انہوں نے جی ٹی روڈ پر واقع نالہ بھیڈ کے اطراف تجاوزات کو فوری طور پر ختم کرنے کے احکامات جاری کیے اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ نالہ ڈیک اور نالہ نکی ڈیک سے بھی بلا تاخیر تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: حجرہ شاہ مقیم: بارش کے باعث گھر کی چھت گر گئی، خاتون جان سے گئی، چار افراد زخمی
صوبائی وزیر نے متعلقہ اداروں کو نالہ بھیڈ، نالہ ڈیک اور نالہ نکی ڈیک کی 24 گھنٹے نگرانی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام اور زرعی اراضی کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔














