فرار کی ہر کوشش ناکام، گوجرانوالہ میں 5 پولیس مقابلوں کے بعد مطلوب ملزمان قانون کی گرفت میں کیسے آئے؟

گوجرانوالہ(پنجاب پوسٹ) پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں پانچ پولیس مقابلوں اور کارروائیوں کے دوران مختلف مقدمات میں مطلوب پانچ ریکارڈ یافتہ ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

ترجمان ضلعی پولیس کے مطابق سی پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے تمام واقعات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ڈویژنل ایس پیز سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

پولیس کے مطابق تھانہ کھیالی کے علاقے میں موٹر سائیکل چوری کے 10 مقدمات میں مطلوب ملزم محمد آصف پولیس ناکے سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جس کے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی۔

تھانہ سبزی منڈی کے علاقے میں چوری اور موٹر سائیکل چوری کے 16 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم محمد بلال کو بھی پولیس ناکے سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جبکہ اس کے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

تھانہ پیپلز کالونی پولیس کے مطابق راہزنی، چوری اور ناجائز اسلحہ کے مقدمے میں گرفتار ملزم اسد، پسٹل برآمدگی کے بعد پولیس حراست سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران زخمی ہو گیا اور دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔

ادھر تھانہ باغبانپورہ کے علاقے میں منشیات، چوری اور موٹر سائیکل چوری کے مقدمات میں مطلوب ملزم علی رضا پولیس ریڈ کے دوران فرار ہونے کی کوشش میں زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔

دریں اثنا تھانہ اروپ پولیس نے 6 سالہ بچے سے زیادتی کے مقدمے میں گرفتار ملزم محمد علی کو پوٹینسی ٹیسٹ سے واپسی پر پولیس حراست سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران زخمی حالت میں دوبارہ گرفتار کر لیا۔

سی پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کا کہنا ہے کہ پرامن اور محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے