لاہور( پنجاب پوسٹ ) بھکر میں مبینہ طور پر ایک یتیم بچے کو اسلحے کے زور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے اور واقعے کی ویڈیو بنانے کے افسوسناک واقعے پر چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب سارہ احمد نے شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ بچے کی فوری مدد اور بحالی کے لیے اقدامات کا حکم دے دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق سارہ احمد کی ہدایت پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو سرگودھا کی ٹیم نے فوری طور پر متاثرہ بچے سے رابطہ کیا۔ بیورو کی جانب سے بچے کو نفسیاتی، سماجی اور قانونی معاونت فراہم کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے تاکہ اسے ہر ممکن قانونی معاونت اور بحالی کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب میں کم عمر ڈرائیورز کیسے گاڑی چلا سکتے ہیں؟
چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو متاثرہ بچے کی حفاظت اور بحالی کو ہر صورت یقینی بنائے گا اور اس معاملے میں قانون کے مطابق ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت بچوں کے خلاف جنسی تشدد اور استحصال میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد جاری رہے گا اور ایسے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔














