لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب اسمبلی میں پنجاب کنٹرول آف ہیبیچوئل آفینڈرز بل 2026ء پر حکومتی اتحادی جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے۔
پیپلزپارٹی کے پارلیمانی رہنما علی حیدر گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بل کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بل انسانی حقوق سے متصادم ہے، اس لیے پارٹی اس کی حمایت نہیں کر سکتی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے بل کو زبردستی منظور کرانے کی کوشش کی تو اسے عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔
علی حیدر گیلانی نے کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آتی کہ یہ بل کس نے تیار کیا اور کس طرح متعلقہ کمیٹی سے منظور ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ بل کی موجودہ شقوں کے تحت احتجاج کرنے والے، معمولی نوعیت کے جرائم میں ملوث افراد اور حتیٰ کہ موٹر سائیکل سوار بھی قانون کی زد میں آ سکتے ہیں، جبکہ معمولی جرم پر شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور جائیداد بلاک کیے جانے جیسے اقدامات بھی تشویشناک ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب اسمبلی میں نیا بل: اپوزیشن کا شدید اعتراض
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کی تقریر کسی کو پسند نہ آئے اور اسے بھی اس قانون کے تحت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے تو یہ جمہوری اقدار اور بنیادی حقوق کے منافی ہوگا۔ علی حیدر گیلانی نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق حکومتی بل کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے جمہوریت کی روح سے عاری قرار دیا اور واضح کیا کہ انسانی حقوق کے خلاف کسی بھی قانون سازی کی پیپلزپارٹی بھرپور مخالفت کرے گی۔








