لاہور( پنجاب بپوسٹ )پنجاب کنٹرول آف ہیبیچوئل آفینڈرز اینڈ اینٹی سوشل بیہیویئر بل 2026 پر سیاسی تنازع کھڑا ہو گیا ہے، اپوزیشن نے بل کی منظوری پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایوان میں روکنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
اپوزیشن رکن رانا آفتاب احمد خان نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کو خط لکھتے ہوئے کہا ہے کہ اس بل کو فوری طور پر منظوری کے بجائے آئینی اور قانونی جانچ پڑتال کے لیے متعلقہ کمیٹی کو بھجوایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں ؛ لاہور ہائیکورٹ: تعلیمی اداروں میں بچوں کے تحفظ کے لیے سخت احکامات
خط کے متن کے مطابق یہ بل شہریوں کے بنیادی حقوق، آزادی اظہار اور آئینی تقاضوں سے متصادم ہو سکتا ہے، اس لیے اس کی منظوری سے قبل مکمل پارلیمانی بحث ضروری ہے۔
اپوزیشن رہنما نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بل قانون سازی کے عمل میں شفافیت پر سوالات اٹھاتا ہے اور یہ انتظامیہ کے اختیارات میں غیر معمولی اضافہ جبکہ عدالتی دائرہ کار کو محدود کر سکتا ہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اس نوعیت کی قانون سازی سے قبل آئینی جائزہ اور قانونی رائے لینا لازمی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ آئینی تنازع سے بچا جا سکے۔
واضح رہے کہ یہ بل پارلیمانی سیکرٹری خالد محمود رانجھا کی جانب سے ایوان میں پیش کیا گیا تھا۔














