لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے یکم سے 6 جولائی تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں آندھی، بارش اور بعض علاقوں میں ژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، شیخوپورہ، نارووال اور دیگر اضلاع میں بارش کا امکان ہے، جبکہ 3 سے 6 جولائی کے دوران ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پاکپتن، اوکاڑہ، قصور، بھکر، لیہ، میانوالی، بہاولپور، ڈی جی خان، ملتان، خانیوال اور لودھراں سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ کب مکمل ہو گا؟ کتنی لاگت آئی ہے؟
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آسمانی بجلی، تیز آندھی اور گردوغبار کے دوران کھلے مقامات سے گریز کریں اور محفوظ جگہوں پر رہیں۔ کسان موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشگی اقدامات کریں جبکہ شمالی علاقہ جات کا رخ کرنے والے سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
پی ڈی ایم اے نے ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔








