راولپنڈی:(پنجاب پوسٹ)47 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ تکمیل کے آخری مرحلے میں داخل ہو گیا ہے اور توقع ہے کہ اسے جولائی میں ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔
منصوبہ حکام کے مطابق اس وقت لین مارکنگ، گرین بیلٹس، باڑ، نکاسی آب، سائن بورڈز اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب سمیت آخری مراحل کا کام جاری ہے۔ تمام کام مکمل ہونے کے بعد منصوبہ افتتاح کے لیے پنجاب حکومت کے حوالے کر دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب کے ترقیاتی منصوبے 92 فیصد مکمل
38.3 کلومیٹر طویل اس رنگ روڈ پر گاڑیوں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے، جبکہ روزانہ 30 ہزار سے زائد گاڑیوں کی آمدورفت متوقع ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس پر لاہور رنگ روڈ کی طرز پر ٹول ٹیکس کا نظام بھی متعارف کرایا جائے گا۔
راولپنڈی رنگ روڈ جی ٹی روڈ پر بانٹھ سے شروع ہو کر موٹروے کے قریب تھلیاں تک جائے گی، جبکہ اس میں بانٹھ، میرا موڑہ، خاصالہ، کولیاں پراڑ اور تھلیاں کے مقامات پر پانچ انٹرچینجز تعمیر کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق منصوبے کی تکمیل سے راولپنڈی اور اسلام آباد میں ٹریفک کا دباؤ نمایاں طور پر کم ہوگا۔ اندازہ ہے کہ عام ٹریفک کا 25 سے 30 فیصد اور مال بردار گاڑیوں کا تقریباً 70 فیصد بوجھ موجودہ سڑکوں سے منتقل ہو جائے گا۔
اس کے علاوہ رنگ روڈ کے اطراف ایک صنعتی زون بھی قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جبکہ تھلیاں انٹرچینج پر مزید کام رنگ روڈ کی تکمیل کے بعد شروع کیا جائے گا








