لاہور (پنجاب پوسٹ )وزیراعلیٰ پنجاب کے ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور مجموعی فزیکل پراگریس 92 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ صرف چھ ماہ کے دوران بیشتر منصوبے مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ باقی منصوبوں کو بھی جلد پایۂ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔
ترجمان سیکریٹری ہاؤسنگ کے مطابق پنجاب کے 15 اضلاع میں واسا ایجنسیاں 205 ارب روپے کی لاگت سے بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔ ان منصوبوں میں 2 ہزار 265 کلومیٹر سیوریج لائنیں بچھانے، 189 کلومیٹر برساتی نالوں کی تعمیر، 27 نئے ڈسپوزل اسٹیشنز کے قیام اور 59 پرانے ڈسپوزل اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب کی سعودی لیبر ڈپلومیسی کے نتائج ، 218 نوجوانوں کا بین الاقوامی کمپنیوں میں انتخاب
انہوں نے بتایا کہ شہری علاقوں میں بارش کے پانی کے مؤثر انتظام کے لیے 9 میگا واٹر اسٹوریج ٹینکس بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں تاکہ نکاسی آب کا نظام مزید بہتر بنایا جا سکے اور شہریوں کو بارشوں کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ترجمان کے مطابق عام تعطیلات اور وقفے وقفے سے ہونے والی بارشوں کے باعث بعض مقامات پر ترقیاتی سرگرمیاں وقتی طور پر متاثر ہوئیں، تاہم منصوبوں پر کام مقررہ اہداف کے مطابق جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت شہری سہولیات کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کر کے عوام کو بہتر سیوریج، نکاسی آب اور جدید شہری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔











