مظفرآباد (پنجاب پوسٹ) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات کے لیے 45 حلقوں سے مجموعی طور پر 1265 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق 33 عام حلقوں سے 1047 جبکہ مہاجرین جموں و کشمیر مقیم پاکستان کے 12 حلقوں سے 218 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ جانچ پڑتال کے عمل کے بعد مجموعی طور پر 41 کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مسترد شدہ کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کا عمل 28 جون تک جاری رہے گا، جبکہ اب تک 12 اپیلیں موصول ہو چکی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اپیلوں پر سماعت 29 اور 30 جون کو ہوگی، جبکہ یکم اور 2 جولائی کو سماعت مکمل کرکے حتمی فیصلے جاری کیے جائیں گے۔









