لاہور (پنجاب پوسٹ) مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کے سلسلے میں پاکستان آئے بھارتی سکھ یاتریوں کی مقدس مقامات کی یاترا جاری ہے۔ سکھ یاتریوں نے گردوارہ دربار صاحب کرتارپور میں مذہبی عبادات کی ادائیگی کے بعد گردوارہ روڑی صاحب ایمن آباد میں حاضری دی۔
متروکہ وقف املاک بورڈ کے مطابق ڈپٹی سیکرٹری فراز کی زیر نگرانی سکیورٹی اور انتظامی عملہ یاتریوں کی خدمت اور سہولت کے لیے ہمہ وقت موجود ہے۔ یاتری آج لاہور پہنچ کر گردوارہ ڈیرہ صاحب میں قیام کریں گے، جہاں وہ تین روز تک مذہبی تقریبات میں شرکت کریں گے۔
مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی مرکزی تقریب 29 جون کو گردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں منعقد ہوگی، جبکہ مذہبی رسومات کی تکمیل کے بعد بھارتی سکھ یاتری 30 جون کو واہگہ بارڈر کے راستے اپنے وطن واپس روانہ ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور سمیت پنجاب میں گرمی کی شدت پھر بڑھ گئی، پارہ 40 ڈگری تک جانے کا امکان
متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے یاتریوں کے لیے رہائش، لنگر، ٹرانسپورٹ، طبی امداد اور منرل واٹر سمیت بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ یاتریوں کی مہمان نوازی اور سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے سخت سکیورٹی انتظامات کے ساتھ الرٹ ہیں۔
ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق کی ہدایت پر تمام مذہبی مقامات پر انتظامات کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔ ناصر مشتاق کا کہنا ہے کہ سکھ یاتریوں کو محفوظ، پُرامن اور دوستانہ ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، جبکہ متروکہ وقف املاک بورڈ مذہبی سیاحت، بین المذاہب ہم آہنگی اور اقلیتوں کے مقدس مقامات کی خدمت کے لیے پرعزم ہے۔








