سی ٹی او لاہور: ہیلمٹ کا استعمال، محفوظ زندگی کا پیغام

لاہور: (پنجاب پوسٹ)چیف ٹریفک آفیسرلاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا ہے کہ لاہور میں جان لیوا حادثات میں 73 فیصد متاثرین موٹرسائیکل سوار ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جانوں کا تحفظ لاہور ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے ہیلمٹ کے استعمال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ صرف لاہور میں 82 لاکھ رجسٹرڈ گاڑیوں میں سے 61 لاکھ سے زائد موٹرسائیکلیں ہیں، یہی وجہ ہے کہ حادثات میں بھی سب سے زیادہ موٹرسائیکل سوار متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیلمٹ انفورسمنٹ مہم کے نتیجے میں ہیڈ ٹراما کے کیسز میں 40 فیصد کمی آئی ہے، تاہم اس میں مزید کمی لانے کے لیے سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔

سید عبدالرحیم شیرازی نے اعلان کیا کہ آج شہر بھر میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، مین بلیوارڈ روڈ، کینٹ اور دیگر تمام مصروف شاہراہوں کو بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے لیے نو گو ایریا قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے تمام ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو ہدایت جاری کی ہے کہ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی انفورسمنٹ ٹیمیں تعینات کی جائیں تاکہ بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ رواں سال 143 مہلک ٹریفک حادثات میں 97 موٹرسائیکل سوار اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ سر پر لگنے والی چوٹیں اموات کی سب سے بڑی وجہ ثابت ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سخت انفورسمنٹ کا مقصد ہرگز ریونیو اکٹھا کرنا نہیں بلکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ ہیلمٹ کے استعمال سے نہ صرف جانیں بچائی جا سکتی ہیں بلکہ ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز پر بھی دباؤ میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔

سید عبدالرحیم شیرازی نے مزید کہا کہ لاہور دنیا کے بڑے موٹرسائیکل شہروں میں شمار ہوتا ہے، اس لیے لاکھوں موٹرسائیکل سواروں کی حفاظت لاہور ٹریفک پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ چالان کے خوف سے نہیں بلکہ اپنی اور اپنے اہل خانہ کی سلامتی کے لیے ہیلمٹ پہنیں اور دورانِ سفر لین لائن ڈسپلن پر بھی سختی سے عمل کریں، کیونکہ ہیلمٹ اور ٹریفک قوانین کی پابندی محفوظ سفر کی ضمانت ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

ایک تبصرہ برائے “سی ٹی او لاہور: ہیلمٹ کا استعمال، محفوظ زندگی کا پیغام”

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے