راولپنڈی /گجرات /مری /گجر خان (پنجاب پوسٹ) سوشل میڈیا پر آزاد کشمیر کے داخلی راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کر کے خوراک سے لدے ٹرک روکے جارہے ہیں۔ اس حوالے سے پنجاب پوسٹ کے نمائندوں نے مختلف داخلی راستوں سے حقائق تلاش کئے ہیں۔
پنجاب پوسٹ کے نمائندوں کے مطابق گجرات سے بھمبر اور گوجر خان سے میرپور کیلئے تمام ٹریفک رواں دواں ہے۔ اسی طرح کہوٹہ سے کوٹلی اور آزاد پتن کیلئے بھی گڈز ٹرانسپورٹ رواں دواں ہے۔ مری سے کوہالہ جبکہ گڑھی حبیب اللہ سے برار کوٹ کیلئے بھی گاڑیاں چل رہی ہیں۔
پنجاب پوسٹ کے پاس دستیاب ویڈیوز کے مطابق مانسہرہ کےعلاقہ برارکوٹ کی چوکی سے آزاد کشمیر اور کے پی کے عوام کی بلا روک ٹوک نقل وحرکت دیکھی جاسکتی ہے۔
پولیس چوکی برارکوٹ کے انچارج کے مطابق ضروری دستاویزی اور سیکیورٹی چیکنگ کے بعد دونوں اطراف کے شہریوں کو نقل وحرکت کی مکمل آزادی ہے،مال بردار گاڑیاں بھی حسب معمول اشیائے خورونوش کی ترسیل میں مصروف ہیں۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنرمظفرآباد منیرقریشی کا کہنا ہے کہ مظفرآباد میں اشیائے خورونوش کی نہ تو کوئی کمی ہے اور نہ ہی ان کی ترسیل میں کوئی رکاوٹ ہے۔
ایس ایس پی مظفرآباد ریاض مغل کے مطابق اینٹری پوائنٹس پر تعینات نفری صرف معمول کی سیکیورٹی چیکنگ کیلئے ہے،عوام یا گاڑیوں کی آمدورفت پر کوئی پابندی نہیں۔
اس موقع پر ڈرائیورز اور اشیائے خورونوش کی ترسیل سے منسلک تاجروں نے بھی سپلائی کی بلاتعطل آمدورفت پر مکمل اطمینان کا اظہارکیا ہے۔
پنجاب پوسٹ کے نمائندوں نے سرحدی علاقوں میں ڈرائیورز سے بھی گفتگو کی، جن کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں ایکشن کمیٹی کی جانب سے دکانیں بند کرا دی جاتی ہیں، اشیائے خورونوش کے سامان کو لوٹ لیا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ بیشتر ڈرائیورز اپنے ٹرک آزاد کشمیر لے جانا ہی نہیں چاہتے۔








