راولپنڈی ( پنجاب پوسٹ ) راولپنڈی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ فری شپمنٹ کے مطالبات، مبینہ لوٹ مار اور تشدد کے واقعات کے باعث کروڑوں روپے کا نقصان ہوا، مطالبات پورے ہونے تک سروسز معطل رہیں گی
راولپنڈی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن نے آزاد کشمیر کے لیے گڈز ٹرانسپورٹ سروسز معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ احتجاجی صورتحال کے دوران ان کی گاڑیوں سے سامان لوٹا گیا، ڈرائیوروں کو تشدد اور ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ایسوسی ایشن کے صدر عثمان شوکت کے مطابق عوامی ایکشن کمیٹی کی احتجاجی سرگرمیوں کے دوران آزاد کشمیر میں داخل ہونے والے گڈز ٹرانسپورٹ کے متعدد ٹرکوں کو روک کر ان سے سامان اتارا گیا، بعض مقامات پر لوٹ مار کی گئی جبکہ ڈرائیوروں اور عملے کو بھی مبینہ طور پر تشدد اور ہراسانی کا نشانہ بنایا گیا۔

اعلامیے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ابتدائی تخمینوں کے مطابق متاثرہ ٹرانسپورٹرز کو تقریباً تین کروڑ 80 لاکھ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔راولپنڈی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن نے حکومت آزاد کشمیر اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیوروں کو مناسب مالی معاوضہ فراہم کیا جائے، لوٹ مار اور تشدد میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور مستقبل میں ٹرانسپورٹ کمپنیوں، گاڑیوں اور عملے کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔اعلامیے کے مطابق جب تک ٹرانسپورٹرز کی جان و مال کے تحفظ کی مکمل ضمانت نہیں دی جاتی اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی نہیں ہوتی، آزاد کشمیر کے لیے گڈز ٹرانسپورٹ سروسز معمول کے مطابق بحال نہیں کی جائیں گی۔ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ وہ حکومت اور انتظامیہ سے فوری اور مؤثر اقدامات کی توقع رکھتی ہے تاکہ ٹرانسپورٹ کے شعبے کا اعتماد بحال ہو اور سامان کی ترسیل کا عمل دوبارہ محفوظ انداز میں شروع کیا جا سکے۔














