لاہور ( پنجاب پوسٹ) سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر لاہور ٹریفک پولیس نے حضرت علی ہجویری کے مزار کے سالانہ غسل کے موقع پر داتا دربار کے اطراف خصوصی ٹریفک انتظامات نافذ کر دیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: داتا دربار روڈ حادثہ: سات سالہ بچی جاں بحق، فرار ڈرائیور 8 گھنٹوں میں گرفتار
ٹریفک پولیس کے مطابق آزادی فلائی اوور سے داتا دربار کی جانب آنے والی ٹریفک کا داخلہ بند کر کے متبادل راستوں پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ آزادی فلائی اوور سے آنے والی تمام ٹریفک کو لاری اڈہ، سرکلر روڈ، ریلوے اسٹیشن اور دیگر متبادل راستوں کی جانب ڈائیورٹ کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح ضلع کچہری چوک سے داتا دربار کی جانب ٹریفک کا داخلہ بند ہے جبکہ شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ایم جی چوک سے آنے والی ٹریفک کو کچہری چوک سے آؤٹ فال روڈ کی جانب موڑا جا رہا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق بھاٹی چوک سے داتا دربار آنے والی گاڑیوں کو بھی متبادل روٹس پر ڈائیورٹ کیا جا رہا ہے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں، متبادل راستے اختیار کریں اور لاہور ٹریفک پولیس سے تعاون کریں۔
انہوں نے کہا کہ عرس کے دوران زائرین کی سہولت، ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی حفاظت لاہور ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔












