لاہور : (پنجاب پوسٹ)کے مصروف علاقے داتا دربار روڈ پر پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں سات سالہ بچی کائنات جان کی بازی ہار گئی جبکہ دو خواتین شدید زخمی ہو گئیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور غفلت کے باعث پیش آیا، جہاں ایک کار ڈرائیور نے سڑک کنارے موجود افراد کو ٹکر مار دی۔ حادثے کے فوراً بعد ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہوگیا جس پر پولیس نے فوری کارروائی کا آغاز کیا۔ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق داتا دربار پولیس، آپریشنز ونگ اور انویسٹی گیشن ٹیموں نے مشترکہ حکمت عملی کے تحت ملزم کی تلاش شروع کی۔ جائے وقوعہ اور اطراف میں نصب سیف سٹی و نجی سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی گئیں جبکہ گاڑی کی نقل و حرکت کا بھی سراغ لگایا گیا۔ جدید ٹیکنالوجی اور شواہد کی مدد سے ملزم سہیل کی شناخت کی گئی اور اسے واقعے کے صرف آٹھ گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں محرم سکیورٹی کیلئے 4500 امام بارگاہوں کی جیو ٹیگنگ، QR پینک بٹن سسٹم متعارف
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف غفلت، لاپرواہی، تیز رفتاری سے گاڑی چلانے اور حادثے کے بعد فرار ہونے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے جبکہ حادثے میں استعمال ہونے والی گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔حادثے میں زخمی ہونے والی دونوں خواتین کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ دوسری جانب سات سالہ بچی کائنات کی المناک موت پر اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔ پولیس حکام نے متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ کیس کے تمام قانونی تقاضے مکمل کر کے چالان جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
شہری حلقوں نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تیز رفتاری اور غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔















