شیخوپورہ ( پنجاب پوسٹ) شہری پر فائرنگ کرنے والا ٹریفک اہلکار قانون کی گرفت میں آگیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں سیٹ تبدیل نہ کرنے پر ٹریفک وارڈن نے مسافر کو گولی ماردی اور موقع سے فرار ہوگیا تاہم واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ کے علاقے بتی چوک میں مسافر وین کی اگلی سیٹ پر بیٹھنے کے تنازع پر مسافر امجد اور ٹریفک وارڈن رانا شکیل کے درمیان جھگڑا ہوا، جس پر غصے میں آکر وارڈن نے اپنا پسٹل نکالا اور مسافر پر گولی چلا دی تھی
یہ بھی پڑھیں: شیخوپورہ: مبینہ غیر اخلاقی سرگرمی میں ملوث تھانیدار معطل، چارج شیٹ جاری
زخمی مسافر کو فوری طور پر تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم واقعے کے بعد ملزم رانا شکیل موقع سے فرار ہو گیا۔
ڈی پی او بلال ظفر شیخ کے احکامات پر آج ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ اس موقع پر ڈی پی او بلال ظفر شیخ کا کہنا تھا کہ وارڈن کے قابلِ مذمت اور غیر ذمہ دارانہ فعل پر فوری ایکشن کا مطلب یہ ہے کہ کسی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔ ملزم کے خلاف بلاامتیاز قانونی اور محکمانہ کارروائی جاری ہے اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
ترجمان پولیس کے مطابق پولیس وردی قانون کی پاسداری کے لیے ہے، قانون شکنی کے لیے نہیں۔ ایسے غیر قانونی اور قابلِ مذمت اقدامات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
ڈی پی او کے مطابق ملزم کو اس کے سنگین فعل پر قرار واقعی جوابدہ ٹھہرایا جائے گا، قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح، اختیارات کے ناجائز استعمال پر زیرو ٹالرنس پالیسی برقرار رہے گی۔
واضح رہے کہ منگل اور بدھ کو پنجاب اسمبلی میں بھی اس معاملے پر بحث کی گئی تھی۔












