اسلام آباد(پنجاب پوسٹ): جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم نے پاکستان کے دورے کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے، جس کے بعد 22 سال کے طویل وقفے کے بعد کورین ٹیم پاکستان میں ایکشن میں نظر آئے گی۔
ذرائع کے مطابق کوریا ہاکی فیڈریشن نے دورۂ پاکستان کے حوالے سے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کو آگاہ کر دیا ہے۔ دورے کے دوران پاکستان اور کوریا کی قومی ٹیموں کے درمیان چار بین الاقوامی میچز کھیلے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ویمن ہاکی ٹیم کی خوراک تبدیل، اب کھلاڑی کیا کھائیں گی؟
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچز 26 جولائی سے 7 اگست کے دوران اسلام آباد میں منعقد ہوں گے۔ سیریز کو پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی کی بحالی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب پاکستان ہاکی ٹیم بھی ستمبر میں کوریا کا دورہ کرے گی، جہاں دونوں ممالک کے درمیان مزید مقابلے متوقع ہیں۔
ہاکی حلقوں کے مطابق کوریا کی ٹیم کا دورۂ پاکستان نہ صرف قومی کھیل کے فروغ کے لیے خوش آئند ہے بلکہ بین الاقوامی ٹیموں کے پاکستان آنے کے حوالے سے اعتماد میں اضافے کا بھی مظہر ہے۔














