لاہور (پنجاب پوسٹ) ہربنس پورہ پولیس نے تھانہ شیرا کوٹ میں درج اغواء کے مقدمہ میں مطلوب 28 سالہ خاتون کو بحفاظت بازیاب کر لیا جبکہ مرکزی ملزم پرویز کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایس پی کینٹ اختر نواز کے مطابق شیرا کوٹ پولیس کو خاتون کے خاوند شہروز علی کی درخواست پر نامعلوم افراد کے خلاف اغواء کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ایڈیشنل ایس ایچ او ہربنس پورہ کائنات شہزادی نے پولیس ٹیم کے ہمراہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے مغویہ کو محفوظ حالت میں بازیاب کرایا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کی سول لائنز ڈویژن میں اینٹی کرائم میٹنگ
ایس پی کینٹ نے کہا کہ 28 سالہ خاتون کی بحفاظت بازیابی پر اہلخانہ نے پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا۔
ایس پی کینٹ اختر نواز کا کہنا تھا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت الرٹ ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔












