گوجرانوالہ (پنجاب پوسٹ) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کی مؤثر حکمت عملی کے باعث گوجرانوالہ ریجن میں سنگین جرائم میں نمایاں اور غیر معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، گجرات اور منڈی بہاؤالدین پر مشتمل ریجن میں مجموعی طور پر جرائم کی شرح میں واضح کمی سامنے آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال ڈکیتی کی وارداتوں میں 85 فیصد کمی ہوئی ہے۔ سال 2025 میں ڈکیتی کی 61 وارداتیں رپورٹ ہوئیں جبکہ 2026 میں یہ تعداد کم ہو کر صرف 5 رہ گئی۔
راہزنی کی وارداتوں میں 79 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ رواں سال ریجن میں کار چھیننے کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں ون ویلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 11 افراد گرفتار
موٹرسائیکل چھیننے کے واقعات میں 77 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔ اسی طرح کار چوری کی وارداتیں 2025 میں 72 تھیں جو رواں سال کم ہو کر 17 رہ گئیں، یعنی 76 فیصد کمی۔ موٹرسائیکل چوری میں بھی 56 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
دورانِ واردات قتل کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ گزشتہ سال 7 واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ رواں سال صرف 1 واقعہ پیش آیا، جس سے 86 فیصد کمی ظاہر ہوتی ہے۔ اسی طرح زیادتی اور قتل کے واقعات میں بھی واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
نقب زنی کی وارداتوں میں بھی ریجن بھر میں 63 فیصد کمی رپورٹ ہوئی ہے۔
ترجمان سی سی ڈی کے مطابق جرائم کی شرح میں یہ واضح کمی ادارے کی مؤثر حکمت عملی، بہتر نگرانی اور بروقت کارروائیوں کا نتیجہ ہے۔













