ہوٹلز، میرج ہالز اور فوڈ چینز سے ٹیکس چوری روکنے کیلئے پنجاب حکومت کا نیا منصوبہ کیا ہے؟


لاہور ( پنجاب پوسٹ) ‏پنجاب حکومت کا ٹیکس چوروں کے خلاف میکنزم، میرج ہالز، فوڈ چینز، کاروبار سے فارم ہاؤسز تک ہر ٹرانزیکشن کا حساب ہوگا، جعلی رسیدیں والوں کے خلاف کاروائی ہوگی، بڑے ریسٹورنٹس میں کیش وصولی کی بجائے ڈیجیٹل پیمنٹ لازمی کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔
پنجاب حکومت نے ٹیکس چوری اور ٹیکس فراڈ کے خاتمے کے لیے بڑے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے مختلف کاروباری شعبوں کی مالی سرگرمیوں کی کڑی نگرانی کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب ریونیو سے متعلق اجلاس میں ٹیکس وصولیوں، ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ اور ریونیو نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میرج ہالز، فوڈ چینز، کاروباری مراکز اور فارم ہاؤسز سمیت مختلف شعبوں میں ہونے والی مالی لین دین پر مؤثر نگرانی رکھی جائے گی اور ہر ٹرانزیکشن کا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔ جعلی رسیدیں جاری کرنے اور سیلز چھپانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بڑے ریسٹورنٹس میں نقد ادائیگیوں کے بجائے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کو لازمی بنانے کی تجویز پر غور کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اگر دنیا کیش اکانومی سے ڈیجیٹل معیشت کی جانب منتقل ہو سکتی ہے تو پاکستان بھی اس سمت پیش رفت کر سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹیکس چوری کے معاملے میں زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور جدید ٹیکنالوجی سمیت نگرانی کے نظام کو بھی مؤثر بنایا جائے گا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی (PRA) کی وصولیوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور ریونیو کلیکشن 250 ارب روپے سے بڑھ کر 346 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے، جو 38 فیصد اضافے کے مترادف ہے۔ مزید بتایا گیا کہ پی آر اے کا دائرہ کار 10 اضلاع سے بڑھا کر 26 اضلاع تک وسیع کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے مالی سال 2026-27 کے لیے 528.5 ارب روپے کا ریونیو ہدف مقرر کرتے ہوئے ٹیکس وصولیوں اور سیکٹرل میپنگ کی پیش رفت پر ہر ہفتے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کیش اکانومی سے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب مرحلہ وار منتقلی کے لیے بھی جامع حکمت عملی تیار کرنے کا حکم دیا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

ایک تبصرہ برائے “ہوٹلز، میرج ہالز اور فوڈ چینز سے ٹیکس چوری روکنے کیلئے پنجاب حکومت کا نیا منصوبہ کیا ہے؟”

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے