لاہور: (پنجاب پو سٹ)سمیت پنجاب بھر میں 06 محرم الحرام کے موقع پر سکیورٹی کے غیر معمولی اور سخت انتظامات کیے گئے ہیں، ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبے بھر میں 45 ہزار سے زائد افسران و اہلکار جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی پر مامور ہیں۔
ترجمان کے مطابق آج پورے صوبے میں 925 عزاداری جلوس اور 3922 مجالس منعقد کی جا رہی ہیں جن کی مکمل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔لاہور میں آج محرم الحرام کی مناسبت سے 56 جلوس اور 425 مجالس منعقد ہو رہی ہیں، جہاں پولیس، ٹریفک پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔
صوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات کے ساتھ ساتھ 23 ہزار سے زائد کمیونٹی رضا کار بھی پولیس کے ساتھ معاونت فراہم کر رہے ہیں تاکہ جلوسوں اور مجالس کو پرامن ماحول میں مکمل کیا جا سکے۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ عشرہ محرم کے دوران سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے اور دفعہ 144 پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہوائی فائرنگ، اسلحے کی نمائش، نفرت انگیز مواد کی تشہیر اور اشتعال انگیزی پر مکمل پابندی عائد ہے۔آئی جی پنجاب کے مطابق صرف طے شدہ روٹس اور مقامات پر ہی جلوس اور مجالس کی اجازت ہوگی جبکہ کسی بھی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے جدید کیمروں کے ذریعے تمام سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، ڈولفن سکواڈ اور پیرو سمیت تمام فیلڈ یونٹس متحرک ہیں۔
سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے جبکہ تمام اضلاع کے کنٹرول رومز کو سنٹرل پولیس آفس کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کر کے 24 گھنٹے نگرانی یقینی بنائی گئی ہے۔












