مون سون سے قبل لاہور سمیت 15 اضلاع میں واٹر سٹوریج منصوبے تیز، 13 ٹینکس فعال

لاہور: (پنجاب پوسٹ)مون سون سیزن کے پیش نظر پنجاب حکومت نے شہری علاقوں کو اربن فلڈنگ اور بارشی پانی کے مسائل سے محفوظ بنانے کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کر دیا ہے۔ محکمہ ہاؤسنگ کے تحت لاہور سمیت 15 اضلاع میں 27 میگا واٹر سٹوریج ٹینکس کی تعمیر جاری ہے تاکہ بارش کے پانی کو محفوظ بنایا جا سکے اور نکاسی آب کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔


صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے چوبرجی انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینک کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے منصوبے کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ چوبرجی انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینک کا کام ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جا رہا ہے اور منصوبے میں معیار، رفتار اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔
حکام کے مطابق لاہور میں مجموعی طور پر 18 گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینکس میں سے 13 مکمل طور پر فعال ہو چکے ہیں جبکہ باقی 5 ٹینکس کی تکمیل آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے شہر کے مختلف نشیبی علاقوں میں بارش کے دوران پانی جمع ہونے کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی اور اربن فلڈنگ کے خطرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے ہدایت کی کہ تمام افسران فیلڈ میں موجود رہ کر منصوبوں کی خود نگرانی کریں اور مون سون کی آمد سے قبل تمام ترقیاتی کام بروقت مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بارشی پانی کے ذخیرے اور نکاسی آب کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق صوبے بھر میں جدید انفراسٹرکچر کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور شہریوں کو محفوظ، پائیدار اور جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے