پیٹرول 74 اور ڈیزل 67 روپے فی لیٹر سستا، حکومت نے عوام کو بڑا ریلیف دے دیا

اسلام آباد (پنجاب پوسٹ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ خطے میں معاشی صورتحال میں بہتری اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد حکومت عوام کو بڑا ریلیف فراہم کر رہی ہے۔ وزیراعظم کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق نئی قیمتوں کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے قوم سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا ہے اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں آنے والی کمی کا مکمل فائدہ عوام تک منتقل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ ہے اور مشکل حالات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے پر عوام کی شکر گزار ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ بحران کے دوران وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ اور کفایت شعاری سے حاصل ہونے والی بچت میں سے 129 ارب روپے خرچ کرکے عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے بچانے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی منصوبہ بندی کے باعث ملک میں توانائی کا کوئی بحران پیدا نہیں ہوا اور عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قلت یا طویل قطاروں کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
شہباز شریف نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر تعاون کے باعث ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے میں مدد ملی اور عوام کو عالمی مہنگائی کی لہر سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے۔


وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال میں پاکستان کی ثالثی کے نتیجے میں امن کے قیام کو ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ایک تاریخی پیش رفت ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خصوصی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے امن معاہدے کو ممکن بنایا۔
وزیراعظم نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور دیگر متعلقہ حکام کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ معاشی بحران سے نمٹنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ان کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت معاشی استحکام برقرار رکھنے اور مہنگائی میں مزید کمی کے لیے مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے