پاکستان ویمنز انڈر 19 کرکٹ ٹیم اور جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز جولائی میں کراچی میں کھیلی جائے گی۔ یہ جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 ٹیم کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا، جسے دونوں ممالک میں خواتین کرکٹ کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کی استعداد کار میں اضافے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 ٹیم 10 جولائی کو کراچی پہنچے گی، جبکہ دونوں ٹیمیں 11 سے 13 جولائی تک نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں ٹریننگ سیشنز اور پریکٹس سرگرمیوں میں حصہ لیں گی تاکہ سیریز کے لیے بھرپور تیاری کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور کی تین بہنوں کا عالمی اعزاز، ورلڈ اتھلیٹکس کوچنگ کورس کامیابی سے مکمل
سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 14 جولائی کو کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا میچ 17 جولائی، تیسرا 19 جولائی، چوتھا 22 جولائی اور پانچواں و آخری میچ 24 جولائی کو نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوگا۔ تمام میچز ایک ہی مقام پر کھیلے جائیں گے۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ سیریز نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ یہ مقابلے آئندہ اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ اور آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں میں بھی کلیدی کردار ادا کریں گے۔
واضح رہے کہ پی سی بی ویمنز کرکٹ ڈیپارٹمنٹ نے حال ہی میں کراچی میں ویمنز انڈر 19 کھلاڑیوں کے لیے خصوصی تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا تھا، جس کا مقصد کھلاڑیوں کی تکنیکی اور جسمانی صلاحیتوں کو مزید نکھارنا اور بین الاقوامی چیلنجز کے لیے تیار کرنا تھا۔
















