پتوکی (پنجاب پوسٹ) پاکستان کے دوسرے طویل القامت شخص ملک ریاض انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر پر اہلِ علاقہ اور مداحوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی۔
ملک ریاض کا قد 7 فٹ 9 انچ تھا، جس کی وجہ سے وہ ملک بھر سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں بھی منفرد شناخت رکھتے تھے۔ غیر معمولی قد اور شخصیت کے باعث وہ جہاں بھی جاتے لوگوں کی توجہ کا مرکز بن جاتے تھے۔
طویل قد کے باعث ملک ریاض کو شوبز انڈسٹری میں کام کرنے کا موقع بھی ملا۔ انہوں نے کئی پاکستانی پروجیکٹس کے ساتھ ساتھ بعض ہالی ووڈ فلموں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
ملک ریاض اپنی منفرد شخصیت کی وجہ سے عوام میں بے حد مقبول تھے اور لوگ ان کے ساتھ تصاویر اور سلفیاں بنانے کے لیے بے تاب رہتے تھے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی نمازِ جنازہ آج پھولنگر میں ادا کی جائے گی، جس میں عزیز و اقارب، دوست احباب اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ آمین۔
















