ننکانہ صاحب :(پنجاب پوسٹ)کے علاقے واربرٹن روڈ جسلانی موڑ کے قریب پیش آنے والے ایک افسوسناک صنعتی حادثے میں 30 سالہ مزدور جان کی بازی ہار گیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق مزدور شہباز اینٹوں کے بھٹہ خشت پر معمول کے مطابق کام میں مصروف تھا کہ اچانک توازن برقرار نہ رکھ سکا اور اینٹیں تیار کرنے والی انتہائی گرم آگ کی بھٹھی میں جا گرا۔
یہ بھی پڑھیں:مانگامنڈی: معمولی تلخ کلامی پر بھرے بازار میں فائرنگ، شہری محفوظ رہے
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ تاہم بھٹھی کی شدید حرارت اور جھلسنے کے باعث مزدور موقع پر ہی دم توڑ چکا تھا۔ ریسکیو اہلکاروں نے ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد نعش کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے مزدور کی شناخت 30 سالہ شہباز کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا پھیل گئی جبکہ اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ مقامی افراد نے بھٹہ خشتوں پر مزدوروں کے لیے حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔













