لاہور:(پنجاب پوسٹ) مرکزی مسلم لیگ پنجاب کے صدر چوہدری محمد سرور کے صاحبزادے حسین ہاشم کی نماز جنازہ جامع مسجد القادسیہ چوبرجی لاہور میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ کی امامت مرکزی مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل سیف اللہ قصوری نے کروائی جبکہ جماعت کی مرکزی و صوبائی قیادت، کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔حسین ہاشم گزشتہ ہفتے ایک ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہوگئے تھے۔ حادثے کے نتیجے میں ان کے جگر پر گہری چوٹ آئی تھی، جس کے باعث وہ ایک ہفتے تک زیر علاج رہے اور زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہے۔ تاہم تمام تر طبی کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے اور گزشتہ روز انتقال کر گئے۔
نماز جنازہ میں مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو، نائب صدر حافظ طلحہ سعید، محمد یعقوب شیخ، خالد نیک گجر، ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، علامہ ناصر مدنی، شیخ نعیم بادشاہ سمیت جماعت کے دیگر رہنماؤں اور کارکنان نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد مرحوم کو میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ کی قیادت نے چوہدری محمد سرور سے تعزیت کرتے ہوئے حسین ہاشم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ رہنماؤں نے مرحوم کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔













