لاہور (پنجاب پوسٹ) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن لاہور ریجن اے کی جانب سے شاندار ریکوری اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک اہم اقدام اٹھایا گیا۔ ڈائریکٹر ریجن اے لاہور مشتاق فریدی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے افسران اور اہلکاروں میں موٹر سائیکلز اور سکوٹیز تقسیم کیں۔
تقریب کے دوران مرد انسپکٹرز کو 15 نئی موٹر سائیکلز جبکہ خواتین انسپکٹرز کے حوالے 9 سکوٹیز کی گئیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ریجن اے مشتاق فریدی نے کہا کہ یہ اقدام ان ملازمین کی انتھک محنت، فرض شناسی اور محکمے کی آمدنی میں اضافے کے لیے ان کے نمایاں کردار کے اعتراف کے طور پر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی کا اعتراف نہ صرف ملازمین کے حوصلے بلند کرتا ہے بلکہ دیگر افسران اور اہلکاروں کو بھی مزید بہتر نتائج کے حصول کے لیے متحرک کرتا ہے۔ مشتاق فریدی کا کہنا تھا کہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور سرکاری محصولات میں اضافے کے لیے اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھا جائے گا۔
ڈائریکٹر ریجن اے نے مزید کہا کہ نئی سواریوں کی فراہمی سے فیلڈ افسران کی کارکردگی اور ریکوری میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے محکمہ ایکسائز میں میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پر ملازمین کی حوصلہ افزائی کو ایک مثبت روایت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ادارے میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مسابقتی ماحول کو فروغ ملے گا۔
















ایک تبصرہ برائے “بہترین کارکردگی پر ایکسائز ملازمین کی حوصلہ افزائی، موٹر سائیکلز اور سکوٹیز تقسیم”
[…] یہ بھی پڑھیں: بہترین کارکردگی پر ایکسائز ملازمین کی حوص… […]