کوٹلی ستیاں THQ ہسپتال میں سہولیات کا بحران، مریض پریشان

کوٹلی ستیاں :(پنجاب پوسٹ)کے تحصیل ہیڈکوارٹر (THQ) ہسپتال میں طبی سہولیات کی بدحالی نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ علاقے کا یہ اہم سرکاری ہسپتال بنیادی طبی آلات اور سہولیات سے محروم دکھائی دے رہا ہے، جس کے باعث مریضوں کو بروقت تشخیص اور علاج میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ذرائع کے مطابق ہسپتال میں نصب ایکسرے مشین کئی روز سے خراب ہے اور اس کی مرمت یا تبدیلی کے لیے ابھی تک کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔ ایکسرے کی سہولت بند ہونے سے حادثات اور ہڈیوں کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو تشخیص کے لیے مری اور راولپنڈی کے سرکاری و نجی ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑ رہا ہے، جس سے ان کے اخراجات اور مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

دوسری جانب ہسپتال کا بجلی کا میٹر جل جانے کے باعث بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی بندش اور کم وولٹیج کے مسائل کے باعث طبی آلات کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے جبکہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو بھی شدید پریشانی کا سامنا ہے۔مقامی افراد کے مطابق ہسپتال میں ادویات کی قلت، طبی عملے کی کمی اور جدید طبی سہولیات کے فقدان جیسے مسائل بھی عرصہ دراز سے موجود ہیں۔ ایمرجنسی وارڈ میں بھی مطلوبہ سہولیات دستیاب نہیں، جس کے باعث ہنگامی حالات میں مریضوں کو دیگر شہروں کے ہسپتالوں میں منتقل کرنا پڑتا ہے۔

شہریوں، سماجی حلقوں اور مریضوں کے لواحقین نے حکومت پنجاب، وزیر صحت اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال میں فوری طور پر ایکسرے مشین فعال کی جائے، بجلی کے خراب میٹر کو تبدیل کیا جائے اور طبی سہولیات کی کمی کو دور کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو اپنے علاقے میں معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر مسائل فوری طور پر حل نہ کیے گئے تو علاقے کے ہزاروں مکینوں کو صحت کی سہولیات کے حصول کے لیے بدستور دور دراز شہروں کا رخ کرنا پڑے گا۔ تاحال ہسپتال انتظامیہ یا محکمہ صحت کی جانب سے اس صورتحال پر کوئی باضابطہ وضاحت یا ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے