لاہور:(پنجاب پوسٹ)ٹریفک پولیس نے مینارِ پاکستان گراؤنڈ میں اتحادِ امت فورم کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی "شہیدِ امت کانفرنس” کے موقع پر خصوصی ٹریفک مینجمنٹ پلان اور ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ کانفرنس کے دوران شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے گریٹر اقبال پارک، پارکنگ اسٹینڈز اور مختلف ڈائیورژن پوائنٹس کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں ایس پی سٹی آپریشنز اور ڈی ایس پی ٹریفک شاہدرہ نے ٹریفک پلان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ایس پی ٹریفک مقصود لون کی نگرانی میں کانفرنس کیلئے 4 ڈی ایس پیز، 30 ٹریفک انسپکٹرز اور 120 ٹریفک وارڈنز تعینات کیے گئے ہیں۔ رانگ پارکنگ کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک ریسپانس یونٹ، 2 بریک ڈاؤن گاڑیاں اور 10 فوک لفٹرز بھی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔ٹریفک پولیس کے مطابق آزادی فلائی اوور ہر قسم کی عام ٹریفک کیلئے بند رہے گا۔ شیخوپورہ سے لاہور آنے والی گاڑیوں کو کوٹ عبدالمالک اور السعید چوک کے راستے سگیاں رنگ روڈ سے شہر میں داخل کیا جائے گا، جبکہ گوجرانوالہ، کامونکی اور مریدکے سے آنے والی ٹریفک کو کالا شاہ کاکو انٹرچینج اور ایسٹرن بائی پاس رنگ روڈ کے ذریعے لاہور میں داخلے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سیکرٹریٹ، لوئر مال، ریلوے اسٹیشن اور شاہدرہ کے درمیان سفر کرنے والے شہریوں کیلئے متبادل راستے بھی مختص کیے گئے ہیں تاکہ ٹریفک کے دباؤ کو کم کیا جا سکے۔ کانفرنس میں شریک افراد کی بسوں اور بڑی گاڑیوں کیلئے رنگ روڈ، ٹمبر مارکیٹ، شفیق آباد تھانہ پارکنگ اور محکمہ جنگلات کی پارکنگ مختص کی گئی ہے۔سی ٹی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مینارِ پاکستان، گریٹر اقبال پارک اور ملحقہ شاہراہوں پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اپنی گاڑیاں صرف مقررہ پارکنگ مقامات پر پارک کریں۔ انہوں نے بتایا کہ کانفرنس کے اختتام پر شرکاء کے مرحلہ وار انخلا کیلئے بھی خصوصی پروگرام ترتیب دیا گیا ہے، جبکہ شہریوں کو راستہ ایپ، راستہ ایف ایم، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے ٹریفک کی تازہ صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھا جائے گا۔















