لاہور: مینارِ پاکستان کے سائے تلے آج منعقد ہونے والی شہیدِ امت کانفرنس کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ ملک بھر سے شرکاء کے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔انتظامیہ کے مطابق کانفرنس کے لیے وسیع پنڈال تیار کیا گیا ہے جہاں ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے۔ مرکزی اسٹیج مینارِ پاکستان کے سامنے قائم کیا گیا ہے اور شرکاء کی سہولت کے لیے مختلف انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
شہیدِ امت کانفرنس شام چار بجے شروع ہوگی، جس سے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق خطاب کریں گے . کانفرنس سے آئی ایس او کے مرکزی صدر امین شیرازی بھی خطاب کریں گے۔منتظمین کے مطابق کانفرنس میں مختلف سیاسی اور مذہبی شخصیات بھی شرکت کریں گی، جو شرکاء سے خطاب کریں گے۔
شرکاء کی رہنمائی اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے امامیہ اسکاؤٹس اور المصطفیٰ اسکاؤٹس کے رضاکار مختلف مقامات پر تعینات ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے امامیہ ڈیزاسٹر سیل کی خصوصی ٹیمیں بھی موقع پر موجود ہوں گی۔منتظمین کا کہنا ہے کہ کانفرنس کے پرامن اور منظم انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور شرکاء کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے۔















